چین کی طرف سے سیلاب متاثرین کے لئے بروقت امداد کی فراہمی انتہائی قابل قدر ہے، پاکستانی سفیر

103
چین میں پاکستانی سفیر نے سیچوان ایگریکلچر ایکسپو میں پاکستان نیشنل پویلین کا افتتاح کر دیا

بیجنگ۔30اگست (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے چین کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے بروقت امداد فراہمی کو سراہا ہے۔ چینی ویب سائٹ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے تمام صوبوں اور علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں جس کے باعث اب تک ایک ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں ، متعدد دیہات بہہ گئے ہیں جبکہ کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں ۔انہوں نے کہ چین ہمیشہ کی طرح مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔

چین اور اس کی تنظیموں کی طرف سے بروقت امداد فراہم کی گئی جو انتہائی قابل قدر ہے اور یہ صرف پہلا قدم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چین کی جانب سے مستقبل میں مزید امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مون سون بارشوں کے باعث سیلاب سے ہزاروں مویشی ہلاک ہو چکے ہیں، ملک میں صورتحال کافی سنگین ہے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے اندازوں کے مطابق پاکستان میں 30 ملین سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے چینی حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی کے لیے امداد کی فراہمی کے اعلان کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے ٹینٹس اور شیلٹرز کی صورت میں بروقت امداد جلد پاکستان پہنچ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ چینی حکومت ، ادارے اور دیگر تنظیمیں نہ صرف پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے سفارتخانے سے رابطہ کر رہے ہیں بلکہ عطیات ، خشک خوراک اور ادویات پر مشتمل دیگر امداد کی پیشکش بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال میں اب بھی پیش رفت( still evolving ) ہو رہی ہے اور پاکستانی سفارت خانہ چینی حکومت اور دیگر تمام اداروں سے رابطے میں ہے، ہم نے چین کے بڑے صوبوں اور دیگر اہم اداروں کو مدد کے لیے خطوط بھی لکھے ہیں کیونکہ وہ اس مشکل صورتحال میں ہماری مدد کر رہے ہیں۔ پاکستانی سفیر معین الحق نے چین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ ہمیشہ کی طرح آگے بڑھ کر اس مشکل گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کا ساتھ دیں اور سیلاب متاثرین کے لیے وزیر اعظم کے قائم کردہ فلڈ ریلیف فنڈ میں دل کھول کر حصہ ڈالیں ۔