چین کی معاونت و جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے آم کی پیداوار اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہے، وزارت تجارت

125

اسلام آباد ۔ 08 اگست (اے پی پی) آم کی پیداوار میں اضافہ کے لئے چین کی معاونت و جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ وزارت تجارت کے حکام نے کہا ہے کہ پاکستان آم پیدا کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے جس کی سالانہ پیداوار1.8 ملین ٹن ہے تاہم آم کی بین الاقوامی برآمدی مارکیٹ میں پاکستانی آم کا حصہ صرف7.6 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہترین ذائقے اورمٹھاس والے آم کی کئی اقسام کی پیداوار حاصل کی جاتی ہے تاہم جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عدم استفادہ کے باعث برآمدی منڈی سے خاطر خواہ استفادہ نہیں کیاجارہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی آم کی ملکی پیداوار کا صرف6فیصد حصہ57 ممالک کو برآمد کیا جاتا ہے جن میں برطانیہ، امریکا، چین، جاپان ، یو اے ای، کینیڈا اورسعودی عرب سمیت دیگرممالک شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آم کی پیداوار میں اضافہ کے حوالے سے چین کے اشتراک سے منصوبہ شروع کیاجارہا ہے جس سے پیداوارمیں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پراسیسنگ کی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے چین پاکستان کےلئے آم کی بڑی برآمدی منڈی ثابت ہوسکتا ہے اور آنے والے سالوں کے دوران چین کو آم کی برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ متوقع ہے جس سے آم کے کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافے کے ساتھ ساتھ قومی معیشت پربھی خوشگوار اثرات مرتب ہونگے۔