چین کے شہرہوانگ شان موسلا دھار بارش ، ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ، درجنوں سیاحتی مقامات بند

137
Heavy rainfall

بیجنگ ۔24جون (اے پی پی):چین کے صوبہ آنہوئی کے سیاحتی شہر ہوانگ شان میں شدید بارش کے باعث ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل اور سیاحتی مقامات کو عارضی طور پربند کر دیا گیا ہے ۔ شنہوا کے مطابق ہوانگ شان میں 18 جون سے جاری موسلادھار بارش نے تباہی مچادی ہے، جس سے 4 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 54 ہزار 109 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ 188 آبی ذخائر میں سے 99 میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر ریکارڈ کی گئی۔

پیر کی صبح تک ہوانگ شان میں 43 سیاحتی مقامات کو شدید موسم کی وجہ سے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے ۔ اپنی شاندار قدرتی خوبصورتی کے لیے مشہور یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں جگہ پانے والے مقام ماؤنٹ ہوانگشن کو 20 جون سے جزوی طور پر بند کر دیا گیا ہے، جس کے دوبارہ کھلنے کی تاریخ موسم کی صورتحال پر منحصر ہے۔چین کے قومی موسمیاتی مرکز نے بارش کے لیےاورنج الرٹ کی تجدید کی اور شدیدموسم کے لیے بلیو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آنہوئی، جیانگ شی، ژی جیانگ اور گوئژو کے کچھ حصوں میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔