
اسلام آباد ۔ 21 نومبر (اے پی پی) چین کے نائب وزیر خارجہ کونگ ژوآن یو نے پاکستان کی خود مختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کیلئے چین کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا ہے اور دہشت گردی و انتہاءپسندی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے اس سلسلہ میں چین کی مکمل مدد کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چین کے نائب وزیر خارجہ جو 2 روزہ دورہ پر پاکستان آئے ہیں، نے وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ ملاقات کی اور خارجہ سیکرٹری اعزاز احمد چوہدری کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کئے۔ وزیراعظم کے مشیر نے چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے باقاعدہ اعلیٰ سطحی تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ کونگ ژوآن یو نے چین کے اہم مفادات کے ایشوز پر پاکستان کی مسلسل اور ٹھوس حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ دوطرفہ ملاقات کے دوران چین کے نائب وزیر خارجہ اور خارجہ سیکرٹری نے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈرو، علاقائی اور عالمی ایشوز سمیت جامع دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔