اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ آج پیر کواسلام آباد پہنچیں گے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق 11 برسوں کے بعد چین کے کسی بھی وزیراعظم کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف چین کے وزیرِ اعظم کا ایئر پورٹ پر استقبال کریں گے۔ بعد ازاں چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچیں گے جہاں انکو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے چینی وزیرِ اعظم کی ملاقات اور وفود کی سطح پر بھی ملاقاتیں ہوں گی۔ دونوں وزراءِ اعظم چین پاکستان تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے، جس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) 2 کے ساتھ ساتھ دیگر بڑے منصوبے بھی شامل ہیں۔تقریب میں گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح بھی شامل ہے۔