ڈائریکٹر جنرل نادرا ذوالفقار احمد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

234
Nadra
Nadra

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):نادرا کے ڈائریکٹر جنرل برائے اسلام آباد ذوالفقار احمد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( آئی سی سی آئی)کا دورہ کیا اور چیئرمین نادرا کی ہدایت پر آئی سی سی آئی میں نادرا کا سہولت ڈیسک کھولنے کے امور پر تاجر برادری سے تبادلہ خیال کیا۔ ذوالفقار احمد نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ،ان کو بہتر سے بہتر سروسز فراہم کرنا نادرا کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادرااسلام آباد چیمبر آف کامرس میں اپنا سہولت ڈیسک کھولنے کیلئے تیار ہے اور ان کے چیمبر کے دورے کا مقصد اس کی فزیبلٹی کے امو رپر بات چیت کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی میں نادرا سہولت ڈیسک شناختی کارڈ سے متعلقہ سروسز کے علاوہ ای سہولت سروس کے تحت تاجر برادری کو ادائیگیوں اور وصولیوں کے معاملات میں بھی سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ بھی نادرا سہولت ڈیسک میں پاسپورٹ سروس فراہم کرنے کیلئے بات چیت کرے تا کہ تاجر برادری مذکورہ سہولت ڈیسک سے دونوں محکموں کی سروسز سے مستفید ہو سکے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے چیئرمین نادرا کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے آئی سی سی آئی کی تجویز پر فوری کارروائی کرتے ہوئے اپنے ایک سینئر آفیسر کو چیمبر بھیجا تا کہ نادرا سہولت ڈیسک کھولنے کے امور پر پیشرفت کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی میں نادرا کے سہولت ڈیسک کا قیام تاجر برادری کے لئے بہت خوش آئند ہو گا کیونکہ اس سے ان کو نادرا کی سروسز چیمبرسے حاصل ہوں گی جس سے ان کے قیمتی وقت کی بچت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی پاسپورٹ آفس کے ساتھ بھی رابطہ کرے گا تاکہ نادرا سہولت ڈیسک سے دونوں اداروں کی سروسز تاجر برادری کو فراہم کی جاسکیں۔ آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے بھی نادرا کی جانب سے آئی سی سی آئی میں سہولت ڈیسک کھولنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس سے تاجر برادری کا نادرا کی کارکردگی پر اعتماد مزید بہتر ہو گا۔

چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ آئی سی سی آئی نے پہلے ہی اپنی بلڈنگ میں بعض محکموں کے سہولت ڈیسک قائم کئے ہوئے ہیں اور نادرا کے سہولت ڈیسک کا قیام تاجر برادری کیلئے ایک اور بڑی کامیابی ہوگی۔چیمبر کے سابق صدر میاں اکرم فرید، راجہ محمد امتیاز، رضوان چھینہ ، شیخ محمد اعجاز، خالد چوہدری، شمائلہ صدیقی، اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔