اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ملک کی آزادی کا 75 واں سال ہے، اس سال تمام ادارے شاندار تقریبات کا انعقاد کریں گے،ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات کا آغاز 23 مارچ کی پریڈ سے ہو گا جس میں تمام اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے علاوہ بعض یورپی ممالک کے اہم وزرائے خارجہ اور نمائندے شرکت کریں گے، قیام پاکستان سے اب تک کی کہانی کو دکھانے کی کوشش کریں گے اور ان لمحات کو یادگار بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے لوگو کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ رواں سال تمام ادارے شاندار تقریبات کا انعقاد کریں گے، ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات کا آغاز 23 مارچ کی پریڈ سے ہو گا اور 14 اگست کو بھی اہم تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان 23 مارچ کی پریڈ خصوصی پریڈ ہو گی جس میں اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے علاوہ بعض یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ اور اہم نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہماری کو شش ہو گی کہ ہم اپنی تاریخ کی تمام شاندار کہانیوں کو سامنے لائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کا 75 واں سال ہے اور وزارت اطلاعات و نشریات کو ٹاسک دیا گیا تھا کہ ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات کا چارٹ تشکیل دیا جائے جس میں وزارت اطلاعات و نشریات کے تمام شعبوں اور تمام وزارتوں اور محکموں نے اپنا کردار ادا کیا اورجامع پروگرام تشکیل دیئے ہیں جن کا آغاز 23 مارچ سے کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن اوردیگر چینلز اور تمام اداروں نے اپنے زبردست پروگرام ترتیب دیئے ہیں اور اس سال ہم 23 مارچ کو اس انداز میں منانے جا رہے ہیں جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے اب تک کی کہانی جو شاندار کہانی ہے اسے یادگار بنانے کی کوشش کریں گے۔
چاہے وہ ہماری شاعری کی کہانی ہے، فوج کی جرأت اور دلیری کی کہانی ہے، چاہے ہماری پولیس کے کارہائے نمایاں ہوں اور ہماری ملت کے دیگر روشن ستاروں کی کہانی ہو ہم ان تمام کہانیوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ ہم یہ دکھا سکیں کہ 75 سال میں پاکستان کہاں تھا اورکہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ یہ سفر شاندار ہو گا، پاکستان کی یہ تقریب مستقبل کا پیش خیمہ ہو گی اور ہم اس میں مزید اضافہ کریں گے۔