ڈالر دیکھ کر امپورٹ کا فیصلہ کرتے ہیں، اگلے ہفتے سے ڈالر آئیں گے تو زر مبادلہ کے ذخائر بڑھنا شروع ہو جائیں گے، گورنر سٹیٹ بینک کا ایف پی سی سی آئی میں خطاب

45

اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی): گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ ڈالر دیکھ کر امپورٹ کا فیصلہ کرتے ہیں، اگلے ہفتے سے ڈالر آئیں گے تو زر مبادلہ کے ذخائر بڑھنا شروع ہو جائیں گے۔فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) میں خطاب کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا تھا ہمیں کاروبار کو سہولت دینی ہے، کرنٹ اکائونٹ خسارے کے سبب ہمیں کچھ اقدامات کرنے پڑے۔انہوں نے کہا کہ ہماری درآمدات کم ہوئی ہیں، 33 ہزار ایل سیز کے کیسز کلیئر کیے ہیں، ایل سی کو جانچنے میں کافی وقت لگتا ہے، ایل سیز جلد کھول دیں گے۔انہوں نے کہاکہ بینکوں سے کہا ہے کہ خوراک، ادویات اور تیل کو ترجیح میں رکھیں، ہم زرعی شعبے کے لیے امپورٹ میں سہولت پیدا کر رہے ہیں، مزید ڈالر آتے ہی درآمدات میں مزید سہولت دینے کا منصوبہ ہے، ڈالر کو دیکھتے ہوئے ہی امپورٹ کا فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ اگر امپورٹر ڈالرز کا انتظام کرتے ہیں تو ہمیں اعتراض نہیں ہو گا، ایکسپورٹرز کو اپنے ڈالر زسے امپورٹ کا بندوبست کرنے کی اجازت ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتےسے ملک میں ڈالرز آنا شروع ہو جائیں گے، اب زرمبادلہ ذخائر بڑھنا شروع ہوں گے، کچھ مال بلا اجازت درآمد کے سبب بھی پورٹ پر پھنسا ہوا ہے، شرح سود کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتا۔\932