وفاقی وزیر صنعت و پیداوار سیدمرتضیٰ کی زیر صدارت آٹو انڈسٹری ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی کا اجلاس

58
ڈالر کی قیمت میں کمی کے پیش نظر مینوفیکچررز سے گاڑیوں کی قیمتیں کم کرنے کا کہا ہے، ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیوں میں سرمایہ کاری کی کوششیں قابل تعریف ہیں ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود نے پاکستانی روپے کے مقابلے امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی کے پیش نظرگاڑیوں کے پارٹس بنانے والی کمنپیوں پر زور دیاہے کہ ڈالر کی قیمت کم ہونے کے باعث وہ بھی گاڑیوں کی قیمتیں کم کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں آٹو انڈسٹری ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں پالیسی سازی، قیمتوں میں کمی، برآمدات کے فروغ، لوکلائزیشن اور درآمدات میں اضافہ کے وسیع ایجنڈے پر غور کیا گیا۔وزیر نے قیمتوں میں کمی کے لئے انڈس موٹر کمپنی کے اقدامات کو سراہا اور دیگر کمپنیوں پر بھی زور دیا کہ وہ بھی اس اقدام پر عمل پیرا ہوں، نتیجہ کے طور پر، پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے بھی قیمت میں کمی کا اعلان کیا جو دیگر OEMs کو مجبور کرے گا کہ وہ صارفین کو کم قیمت پر گاڑیاں فراہم کرنے پر غور کریں۔

وفاقی وزیر نے ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیوں سمیت جدید ترین ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کو آسان بنانے کی کوششوں پر سی ای او ای ڈی بی کی تعریف کی اور مقامی مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے لئے مسلسل تعاون کو یقینی بنایا جو ہزاروں کارکنوں بشمول انجینئرز، ٹیکنیشنز، ہنر مند اور نیم ہنر مند پیشہ ور افراد کو ملازمتیں فراہم کر رہی ہے۔اجلاس میں گاڑیاں بنانے والے سرکردہ اداروں، پارٹ سپلائرز، سرکاری افسران اور صارفین کے نمائندوں نے شرکت کی۔