اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ روزنامہ ڈان نے پٹرول کے نرخوں میں اضافے کے اثرات اور ترجمان وزارت خزانہ کے فیک اکاؤنٹ سے ٹویٹ سے متعلق خبر تو صفحہ اول پر نمایاں انداز میں شائع کی لیکن آج دوسرے دن اس پر چند سطر ی معذرت اندر کے صفحہ پرغیر نمایاں انداز میں شائع کی ، اخبار کا یہ رویہ آزادی صحافت کے منافی ہے۔
وفاقی وزیر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ ڈان نے فیک سوشل میڈیا کی بنیاد پر پہلا صفحہ بھر دیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ڈان کے پہلے صفحہ پر خبر دیکھیں اور اس خبر پر معذرت کہاں چھپی ،یہ بھی دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے ڈان نیوز نے فیک میڈیا قانون شائع کیا اور ایڈیٹوریل بھی جھاڑ دیا اور آج تک معافی نہیں مانگی، یہ رویہ آزادی صحافت کے خلاف ہے۔
یاد رہے کہ ڈان نیوز نے ترجمان وزارت خزانہ کے فیک اکاؤنٹ سے ٹویٹ کو بنیاد بنا کر فرنٹ پیج پر خبر لگائی تھی۔چوہدری فواد حسین نے اس حوالہ سے وزیر خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم کا ٹویٹ بھی شیئر کیا ہے جسں میں انہوں نے کہا ہے کہ ڈان نے من گھڑت خبر تو صفحہ اول پر شائع کی اور اس خبر پر معذرت اندر کے قومی خبروں کے صفحہ پر شائع کی ۔
میڈیا کا یہ طرز عمل نہیں ہونا چاہیے ۔ اخبار معذرت بھی اسی صفحہ پر شائع کرے جس پر خبر شائع کی گئی تھی بصورت دیگر اس کی کوئی ضرورت نہیں۔