معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا احساس سکالرشپس سے متعلق پالیسی مشاورت کیلئے قائد اعظم یونیورسٹی کا دورہ

سلام آباد۔22جون (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ذہین اور مستحق طلباء کیساتھ احساس انڈرگریجویٹ سکالرشپ سے متعلق پالیسی مشاورت کیلئے قائد اعظم یونورسٹی ( کیو اے یو) اسلام آباد کا دورہ کیا ۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر سال 2020-21کے احساس انڈرگریجویٹ سکالرشپ وصول کرنے والے طلباء کیساتھ یونیورسٹی کے میدان میں بیٹھیں ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ مالی سال 2020-21کیلئے 8.4 ارب روپے کی مالیت کی 90000سکالرشپس دی گئیں جن میں 51 فیصدسکالرشپس لڑکیوں کیلئے ہیں ۔ احساس سکالرشپ میں 100 فیصدٹیوشن فیس اور ماہانہ رہائشی وظیفہ شامل ہے ۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد علی اور دیگر فیکلٹی ممبران نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا یونیورسٹی میں پر تپاک استقبال کیا ۔

پالیسی مکالمہ میں 50سے زائد طلبہ اور طالبات نے حصہ لیا اورکس طرح سے پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء احساس سکالرشپ سے مستفید ہوسکتے ہیں ، اس پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔احساس اسکالرشپ کو سراہتے ہوئے طلباء نے بتایا کہ وہ اس پروگرام کے باعث اعلی تعلیم حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ بصورت دیگر ان کے اہل خانہ کو زیورات اور مویشیوں کو فروخت کرنا پڑتا تھا کیونکہ وہ انکی یونیورسٹی کی فیس اور اخراجات کی ادائیگی کے قابل نہیں تھے ۔ احساس انڈرگریجویٹ سکالرشپس حاصل کرنے والی طالبات نے اس بات کو سراہا کہ نصف وظائف لڑکیوں کیلئے مختص کئے گئے ہیں ۔طلباء نے اپنے تعلیمی عزائم اور پریشانیوں کے بارے میں تذکرہ کیا جن کا انہیں اعلی تعلیم کے حصول میں سامنا کرنا پڑا ۔

پالیسی مکالمے میں ڈاکٹر ثانیہ کے ہمراہ بہاولپور، حیدرآباد، خیر پور، ژوب، تربت، گلگت، غزر، چترال اور آزاد جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے طلباء نے شرکت کی ۔ وہ مختلف شعبوں بائیوانفارمیٹکس، اکنامکس، سوشل سائنسز، آثار قدیمہ، نباتیات اور مطالعہ پاکستان میں تعلیم حاصل کررہے تھے ۔احساس انڈرگریجویٹ سکالرشپ پروگرام سے طلباء کو مستفید ہونے کی ترغیب دیتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس انڈرگریجویٹ سکالرشپ پالیسی کو اس طرح سے تشکیل دیا گیا ہے کہ کوئی بھی طالب علم اعلی تعلیم کے حصول سے محروم نہ رہ جائے کیونکہ وہ اس حوالے سے مالی ضروریات کو پورا کرنے سے قاصر ہوتا ہے ۔ 45000روپے یا اس سے کم ماہانہ آمدنی والے گھرانے سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی طالب علم 4-5سالہ انڈرگریجویٹ ڈگری کیلئے 119سرکاری شعبے کی یونیورسٹیوں میں سے کسی میں بھی داخلہ لینے کیلئے درخواست دینے کا اہل ہے اور وظائف میرٹ کی بنیاد پر دیئے جاتے ہیں ۔

احساس سکالرشپ دیئے جانے کے عمل کے بارے میں ڈاکٹر علی نے کہا کہ دو سالوں میں مستحق طلباء کو 451احساس سکالرشپس دی جا چکی ہیں ۔ مستحق طلباء کو اعلی تعلیم کے حصول کیلئے وظائف شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر دیئے جارہے ہیں ۔