ڈاکٹر ثانیہ کا جنوبی بلوچستان کے سرحدی علاقوں کا دورہ، مقامی برادریوں اور مستحقین کو احساس کے پروگراموں اور اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا

102

تربت ۔10اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اتوار کا دن جنوبی بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں گزارا تاکہ مقامی برادریوں اور مستحقین کو احساس کے پروگراموں اور اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے اور ان کی آراءحاصل کرسکیں۔ مکران ڈویژن اور پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے سینئر افسران کے ساتھ انہوں نے سب تحصیل بالنی گور اور ضلع کیچ کی تحصیل ٹمپ کا بھی دورہ کیا۔

انہوں نے تربت اور منڈ میں ون ونڈو احساس سینٹرز کھولنے کے مقامات تلاش کرنے کے لیے علاقے کی مختلف علاقوںکا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران بلوچستان کے تمام اضلاع میں ون ونڈو احساس سینٹرز کھولے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ جنوبی بلوچستان کے پسماندہ اضلاع میں ون سٹاپ شاپ ، ون ونڈو احساس سینٹرز کھولیں تاکہ مستحقین کو جلد از جلد سہولت فراہم کی جا سکے۔ جنوبی بلوچستان دور افتادہ علاقوں کو مدنظر رکھتے ہوئے موبائل ون ونڈو سینٹرز کے ذریعے دور دراز علاقوں میں مستحقین کی سہولت کے لیے احساس کی مقامی حکمت عملی بھی بنائی جا رہی ہے۔ اس حکمت عملی کو حتمی شکل دئے جانے کے بعد یہ موبائل مینجمنٹ احساس سے استفادہ کرنے والوں کو ان کی دہلیز پر خدمات فراہم کرے گا تاکہ ان کا وقت اور سفری مشکلات و اخراجات کو کم کیا جا سکے۔

دورے کے دوران انہوں نے مقامی کمیونٹیز کے ساتھ بھی بات چیت کی اور علاقے میں احساس کے تحت چلنے والے پروگراموں کے بارے میں رائے لی۔احساس پروگراموں کے بارے میں آگاہی فراہم کرتے ہوئے انہوں نے مقامی کمیونٹیز کو احساس ڈیجیٹل پورٹل کے بارے میں رہنمائی کی جو لوگوں کو اردو میں احساس کی تعلیم سے متعلق معلومات فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے احساس 8171 ویب پورٹل کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو عام لوگوں کے لیے احساس کے تحت اپنی اہلیت چیک کرنے کے لیے آن لائن قابل رسائی ہے۔ احساس کے تحت ، جنوبی بلوچستان میں کئی پروگراموں پر عملدرآمد کیا جارہا ہے جن میں احساس کفالت ، احساس ایمرجنسی کیش ، احساس تعلیمی وظیفہ اور احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام شامل ہیں۔

ٹمپ گورنمنٹ کالج برائے خواتین کے دورے کے موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے طالبات سے بھی گفتگو کی اور ان سے کہا کہ وہ احساس انڈر گریجویٹ سکالرشپ پورٹل کے لیے درخواست دیں جو 30 نومبر 2021 تک وصول کی جائیں گی تاکہ تعلیمی سال 22۔ 2021 کے لیے تازہ درخواستیں وصول کی جا سکیں۔

اس دورے کا اہتمام پاک فوج اور فرنٹیئر کور نے جنوبی بلوچستان کے ضلعی ہرنائی کے دورے کے بعد کیا۔ اپنے دورہ بلوچستان کے دوران ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کمانڈر 12 کور اور آئی جی فرنٹیئر کور جنوبی بلوچستان سے بھی ملاقات کی۔