ڈاکٹر سعود الطاف نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد کے قائم مقام وائس چانسلر مقرر، عہدے کا چارج سنبھال لیا

ڈاکٹر سعود الطاف نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد کے قائم مقام وائس چانسلر مقرر، عہدے کا چارج سنبھال لیا

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):نیشنل سکلز یونیورسٹی (این ایس یو) اسلام آباد میں انتظامی تبدیلی کے تحت ڈاکٹر سعود الطاف نے قائم مقام وائس چانسلر کا عہدہ سنبھال لیا ۔

انہوں نے باقاعدہ طور پر اپنے عہدے کا چارج بھی سنبھال کر ذمہ داریاں ادا کرنا شروع کر دی ہیں۔ ڈاکٹر سعود الطاف یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنسز کے چیئرپرسن اور آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) کے ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

وہ کمپیوٹر سائنس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری کے حامل ہیں اور گزشتہ 23 برس سے تدریس، تحقیق اور تعلیمی انتظامی امور سے وابستہ ہیں۔ جامعہ میں تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ، جدید مہارتوں پر مبنی تعلیم اور ادارہ جاتی ترقی کے حوالے سے ڈاکٹر سعود الطاف کی خدمات کو اہمیت حاصل رہی ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ ان کی قیادت میں نیشنل سکلز یونیورسٹی پیشہ وارانہ اور ہنر پر مبنی اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے سفر کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گی۔ واضح رہے کہ نیشنل سکلز یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر محمد مختار کی سات سالہ مدتِ ملازمت 30 جون کو مکمل ہوگئی تھی۔ وہ اس وقت ملتان کی ایک نجی یونیورسٹی میں ریکٹر کے طور پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔