پنجاب پبلک سروس کمیشن نے مختلف اسامیوں کے حتمی نتائج کا اعلان کر دیا

پنجاب پبلک سروس کمیشن نے نتائج کا اعلان کردیا

لاہور۔3جولائی (اے پی پی):پنجاب پبلک سروس کمیشن نے مختلف محکموں کی اسامیوں کے حتمی نتائج کا اعلان کر دیا۔ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) ضلع سیالکوٹ میں سارجنٹ کی 12 اسامیوں کے لیے 8 امیدوار حتمی طور پر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ 4 اسامیاں موزوں امیدواروں کی عدم دستیابی کے باعث خالی رہ گئی ہیں۔ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) ضلع نارووال میں سارجنٹ کی 10 اسامیوں کے لیے 10 امیدوار حتمی طور پر کامیاب قرار پائے ہیں۔

اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں پروفیسر آف تھوریسک سرجری کی ایک آسامی کے لیے ایک امیدوار کامیاب ہوا ہے۔ اسی محکمہ میں ایسوسی ایٹ پروفیسر اینستھیزیا کی 15 اسامیوں کے لیے 4 امیدوار حتمی طور پر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ 11 اسامیاں موزوں امیدواروں کی عدم دستیابی کے باعث خالی رہ گئی ہیں۔ محکمہ زراعت کے واٹر مینجمنٹ ونگ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر (او ایف ڈبلیو ایم) کی 50 اسامیوں کے لیے 32 امیدوار حتمی طور پر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ 18 اسامیاں موزوں امیدواروں کی عدم دستیابی کے باعث خالی رہ گئی ہیں۔

بورڈ آف ریونیو (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) میں اسسٹنٹ کی 2 اسامیوں کے لیے 2 امیدوار حتمی طور پر کامیاب قرار پائے ہیں۔تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں کو انٹرویو کے لیے کال لیٹرز پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر جلد اپ لوڈ کیے جائیں گے جبکہ امیدواروں کو ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ انٹرویو کے وقت اصل تعلیمی اسناد اور دیگر متعلقہ دستاویزات ہمراہ لائیں۔ کامیاب امیدواروں کی فہرستیں پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔