لاہور۔18نومبر (اے پی پی):لاہور پولیس نے اقبال ٹاؤن میں ڈاکٹر کے گھر گھسنے والے 6مبینہ ڈاکو مقابلے میں مار دیئے۔ پولیس نے ہفتہ کو بتایا کہ 6ڈاکو کالج بلاک علامہ اقبال ٹاؤن میں واقع ڈاکٹر عباد کے گھر میں دِن کے وقت خود کو پینٹ والے بتا کر زبردستی داخل ہو گئے اور انہوں نے گھروالوں کو یرغمال بنا کر لوٹ مار شروع کر دی۔
ایس ایس پی ارتضی کمیل نے بتایا کہ ڈاکو واردات کیلئے ڈاکٹرعباد کے گھر میں گھسے اور اہلخانہ کو یرغمال بنا لیا تاہم ایک بچی جو گھر کی بالائی منزل پر تھی، اس نے ون فائیو پر اطلاع دیدی،اطلاع ملنے پرایس ایچ او اقبال ٹاؤن ٹیم کے ہمراہ فوری موقع پرپہنچے ، پولیس کو دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی، 40منٹ تک ڈاکوؤں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا،
جس میں تمام ڈاکومارے گئے، پولیس جوانوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام ڈاکوؤں کو نشانے پر لے کر ختم کیا، اس دوران گھرکے تمام افراد اور پولیس اہلکار محفوظ رہے، مقابلے کے بعد اہل محلہ نے پولیس کے حق میں نعرے بازی کی۔ محلے داروں کاکہنا تھا کہ پولیس کی بروقت کارروائی قابل تعریف ہے، بعد میں مارے گئے ڈاکوؤں کی شناخت عمران، چاند، علی ، وسیم ،محسن اور علی رضا کے ناموں سے ہوئی ، ان میں سے5کا تعلق وہاڑی اور ایک کا خانیوال سے بتایا گیا ہے۔ فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کر لئے، جبکہ پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوا کر مزید تحقیقات شروع کر دیں۔