ریاض۔6نومبر (اے پی پی):امریکا کی نامور ٹینس سٹار ، عالمی نمبر تین اور ایونٹ کی تھرڈسیڈڈ کوکوگف ڈبلیو ٹی اے فائنلز میں اورنج گروپ مرحلے میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کےسیمی فائنل میں پہنچ گئیں ۔ 20 سالہ امریکی ٹینس سٹار اور عالمی نمبر تین کوکو گف نے ڈبلیو ٹی اے فائنلز میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے اورنج گروپ کے دوسرے میچ میں پولینڈ کی بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار ،عالمی نمبر ٹو اور ایونٹ کی دفاعی چیمپئن آئیگا سوئٹیک کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ۔
ڈبلیو ٹی اے فائنلز گروپ میچز سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ سعود یونیورسٹی انڈور ایرینا میں جاری ہیں۔ ڈبلیو ٹی اے فائنلز کے گروپ مرحلے میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے میچ میں 20 سالہ امریکی ٹینس سٹار اور عالمی نمبر تین کوکوگف نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف 23 سالہ پولینڈ کی ٹینس سٹار ،عالمی نمبر ٹو اور ایونٹ کی دفاعی چیمپئن آئیگا سوئٹیک کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 4-6سے ہرا کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
اس شکست کی وجہ سے آئیگا سوئٹیک رواں ہفتے خواتین کے سنگلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں نمبر 2 سے اوپر نہیں جا سکیں گی اوربیلا روس کی نامور ٹینس سٹار آریانا سبالینکا نمبر ون پوزیشن پر ہی سال کا اختتام کریں گی ۔امریکی ٹینس سٹار کوکوگف کی یہ 2023 کے سنسناٹی اوپن کے بعد پولینڈ کی آئیگا سویٹیک کے خلاف پہلی فتح ہے۔کوکوگف کی اس فتح نے آئیگا سوئٹیک کی چھ میچوں کی جیت کا سلسلہ بھی ختم کر دیا ہے۔