شیخوپورہ ۔ 19 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر شیخوپوره شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایگریکلچر ایڈوائزری کمیٹی اور ڈسٹرکٹ کمیٹی ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعمان علی ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد شفیق ،ڈپٹی ڈائریکٹر شماریات حبیب مقصود ، ماحولیات ، لائیو سٹاک ، جنگلات ، اصلاح آبپاشی ، انجمن کاشتکاراں سمیت تمام متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔ محکمہ زراعت ، لائیوسٹاک اور اصلاح آبپاشی کے افسران نے محکمانہ کارکردگی اور گرین ٹریکٹر سکیم ،کسان کارڈ ،ٹیوبل سولرائزیشن بارے ڈپٹی کمشنر شیخوپوره کو تفصیلی بریفنگ دی ۔
ڈپٹی کمشنر شیخوپوره شاہد عمران مارتھ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کاشتکاروں کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں کاشتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنا اور ان کے معیار زندگی کو بلند کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ تمام افسران اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے سر انجام دیں ۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ کاشتکار پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، زمینداروں کی راہنمائی کے لیے محکمہ زراعت اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کریں اور انکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے گراس روٹ لیول تک راہنمائی کے لیے آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے ۔
ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نےاجلاس کے اختتام پر احسن کارگردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو سرٹیفکیٹ تقسیم کیے ۔