کوئٹہ 18فروری (اے پی پی )ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کو انتہائی اہم اور کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سمیت سعودی جیلوں میں قید 2107 پاکستانیوں کی رہائی اور پاکستان کے حاجیوں کی پاکستان میں ہی امیگریشن ہماری بہت بڑی سفارتی جیت ہے‘ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان نے مزدوروں اور غریبوں کے حقوق کا دفاع کرتے ہوئے حقیقی عوامی لیڈر ہونے کا عملی ثبوت دیا۔ سعودی ولی عہد کے حالیہ دورہ پاکستان سے دو برادر اسلامی ممالک میں معاشی و اقتصادی اور سماجی تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہوگا دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کو مثالی بنانے کے لیے پی ٹی آئی کی حکومت اعتماد سازی کے عمل کو مضبوط سے مضبوط تر بنائے گی سعودی ولی عہد کو پاکستان کے منتخب پارلیمان سے خطاب کی بھی دعوت دی گئی ہے جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے آئندہ دورہ پاکستان کے شیڈول میں شامل رکھنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ یہ بات انہوں نے” اے پی پی ” سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔