ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کوئٹہ کے لیے ایک ارب روپے کی لاگت سے نئی بچھائی جانے والی گیس پائپ لائن کا افتتاح کیا

148

کوئٹہ۔3دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے گیس پریشر کی کمی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کوئٹہ، مستونگ اور قلات کے لیے ایک ارب روپے کی لاگت سے نئی بچھائی جانے والی گیس پائپ لائن کا افتتاح کردیا، جمعرات کو کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں جنرل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی مدنی صدیقی ،پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالباری بڑیچ ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات داود خان پانیزئی ،زکوة چیئرمین ڈسٹرکٹ کوئٹہ سردار زین العابدین خلجی،سید ظہور آغااور دیگر بھی موجود تھے،اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ موسم سرما میں گیس پریشر میں کمی کا دیرینہ مسئلہ تھا سریاب روڈ پر 40 سالہ 6 انچ کی پائپ لائن تھی جو علاقے کے لئے ناکافی تھی،شہر کے مختلف علاقوں کے دونوں اطراف پر 8 انچ کی نئی پائپ لائن بچھائی جارہی ہے گیس پائپ لائن کے منصوبے پر 1 ارب روپے لاگت آئیگی جس کے بعد کوئٹہ میں گیس کا مسئلہ حل ہو جائیگااور نئی گیس پائپ لائن کا عمل ستمبر 2021 تک مکمل کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی دوبارہ حکومتی اتحاد کا حصہ بن سکے ،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا ہے بطور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی حلقہ انتخاب سے بالاتر ہوکر اسلام آباد میں پورے صوبے کے لوگوں کی نمائندگی کررہا ہوں ،47سال بعد وزیراعظم عمران خان نے تربت کا دورہ کرکے جنوبی بلوچستان کے نو اضلاع کے لیے 6سو ارب روپے کا پیکج دیا کورونا وائرس کی دوسری لہر کی پیش نظر پاکستان تحریک انصاف نے اپنے جلسے اور بڑے اجتماعات منسوخ کردیئے ہیں اگرچہ جلسے جلوس کرنا ہر سیاسی جماعت کا جمہوری حق ہے مگر اپوزیشن جماعتیں عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے اپنے جلسے منسوخ کردے ،کوئٹہ شہر میں پانی کی کمی کو دور کرنے کے لیے کئی ڈیمز زیر تعمیر ہے جبکہ مختلف علاقوں میں سولر ٹیوب ویلز لگائے گئے ہیں عوام پانی کے استعمال میں احتیاط برتے،سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر کے ہمراہ جلد شمالی بلوچستان کے مختلف اضلاع کے دورے کرکے مجوزہ ترقیاتی پیکج کے خدوخال وزیراعظم عمران خان کو پیش کریں گے،بلوچستان آدھا پاکستان ہے مگر آبادی صرف 6 فیصد ہے کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں پشتون بلوچ ہزارہ،سندھی ،سرائیکی، سیٹلرز اور پنجابی سمیت تمام اقوام کے لوگ پیار محبت سے زندگی گزار رہے ہیں اور حکومت رنگ ونسل اور زبان کے تفریق کو بالائے طاق رکھ کر عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے بلوچستان ایک ہی ہے جنوبی بلوچستان کی اصطلاح ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے اور ماضی میں ترقی سے محروم رکھے گئے علاقوں کے لیے استعمال کی گئی جس میں کوئی قباحت نہیں ،انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار عدالتوں کو مطلوب ہے بدقسمتی سے کچھ سیاست دان صرف پیسہ بنانے اور حکومت کرنے پاکستان آتے ہیں اور ان کے بچے بیرون ملک مقیم ہوتے ہیں اور اقتدار سے محرومی کے بعد وہ بھی بیرون ملک میں ہی رہنے کو ترجیح دیتے ہیں جو کہ ملک سے خیانت کے مترادف ہے،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نیب آزاد اور خود مختار ادارہ ہے جو حکمران جماعت سمیت کسی بھی پارٹی کے اراکین پارلیمینٹ کے خلاف کیسز دائرکرسکتے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی قیادت پرپاکستان تحریک انصاف کا مکمل اعتماد ہے اور بلوچستان میں پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی کے درمیان عوامی مسائل کے لیے بہترین ریلشن شپ قائم ہے،انہوں نے کہا کہ گیس چوری کرنے والوں کے خلاف جرمانے عائد کرنے کے ساتھ سزائے بھی تجویز کی گئی ہے عوام گیس کی چوری روکنے کے لیے سوئی گیس انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ گیس کے ساتھ پانی اور شہر کے دیگر مسائل کے حل پر بھی اقدامات جاری ہے، ، نیب ایک آزاد ادارہ ہے جو بلاامتیاز کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کررہا ہے۔ بی این پی کے سردار اختر مینگل کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔خواہش ہے کہ بی این پی دوبارہ اتحاد میں شامل ہو،کوروناوائرس کی وبا کا پھیلاو خطرات صورتحال اختیار کر گیا، تمام سیاسی جماعتوں سے گزارش ہے کہ کورونا ایس او پیز کی پاسداری کریں۔