اسلام آباد ۔ 08 مارچ (اے پی پی) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ سٹریٹ چیمپیئن پاکستان کے زیر اہتمام افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے میراتھن ریس 24 مارچ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کلثوم چوک سیونتھ ایونیو سے دامن کوہ تک منعقد ہوگی۔ یہ بات انہوں نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس بورڈ کے میڈیا سنٹر میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ میراتھن ریس کا مقصد دنیا میں امن کے پیغام کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جوانوں نے اپنے سے کئی گنا بڑی بھارتی فوج کو شکست دی، جو سمجھتے تھے کہ ہم سپر پاور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی قیادت اور فوج پر فخر ہے جس نے دنیا کو دکھایا کہ پاکستان ہر صورت اپنا دفاع کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جس طرح پاکستان کا امن کا پیغام بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میراتھن ریس امن کا پیغام ہوگا، اس سے نہ صرف یکجہتی کا پیغام جائے گا بلکہ ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد بھی بنے گا اور قومی سطح پر ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا، معذور اور خصوصی افراد، خواتین، بزرگ افراد اور جوان ایتھلیٹ کے لئے الگ الگ میراتھن رکھی گئی ہے، خواتین، بزرگ، پارلیمنٹیرینز کے لئے 2.25 کلومیٹر اور ایتھلیٹس کے لئے 5 کلومیٹر کی دوڑ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس میراتھن کی فیس صرف 50 روپے رکھی گئی ہے اور اس میں شرٹ مفت تقسیم کی جائے گی۔ دامن کوہ پر میراتھن ریس کے اختتام پر انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان 70 ہزار شہداء کی مائوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کی خاطر قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم امن کی طرف ایک پیغام ہے، یہ ایک ابتدا ہے، انشاء اﷲ ہر سال اسے منعقد کرائیں گے، وزیراعظم عمران خان کی توجہ کھیلوں پر بھی ہے اور جلد ہی کھیلوں کے مسائل حل ہوں گے اور پوری دنیا میں سپورٹس میں پاکستان کا نام روشن ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت میں جب تک الیکشن ہو رہے ہیں، حالات پر نظر رکھنا ضروری ہے، ملک کے دفاع پر توجہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا تعلق بلوچستان سے ہے اور بلوچستان میں حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں، بلوچستان معیشت کا دروازہ ہے، سعودی عرب کی سب سے بڑی انوسٹمنٹ بلوچستان میں ہو رہی ہے جو نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک کے لئے بہترین ہے۔