ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قا سم خان سوری سے نیشنل پیپلز کانگرس آف چائنہ کی سٹینڈنگ کمیٹی کے 15 رکنی وفد کی ملاقات

154

اسلام آباد ۔ 9 نومبر (اے پی پی) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قا سم خان سوری سے نیشنل پیپلز کانگرس آف چائنہ (این پی سی) کی سٹینڈنگ کمیٹی کے وائس چیئرمین کی سربراہی میں این پی سی کی سٹینڈنگ کمیٹی کے 15 رکنی وفد نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں نیشنل پیپلز کانگرس آف چائنہ اور قومی اسمبلی آف پاکستان کے مابین روابط کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ چین پاکستان کا بے لوث اور بااعتماد دوست ہے اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی بے مثال دوستی پر فخر ہے دونوں ممالک کے عوام میں ایک دوسر ے کے لیے عزت و احتر ام کا رشتہ پایا جاتا ہے۔ قومی اسمبلی آف پاکستان اور این پی سی کے مابین قریبی رابطے ہم آہنگی کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی و سماجی تر قی میں چین کا کردار قابل تحسین ہے۔