اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46ویں برسی کے موقع پر زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوریت، عوامی حقوق اور قومی ترقی کے لیے قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ جمعہ کو اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں پاکستان کو 1973 کا متفقہ آئین ملا، جو آج بھی ملکی وحدت اور جمہوری نظام کی اساس ہے۔شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام میں سیاسی شعور بیدار کیا اور انہیں اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کا حوصلہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں پاکستان نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، جو ملکی دفاع کی ضمانت ہے۔شہید بھٹو کی بے خوف قیادت اور عوامی خدمت کا جذبہ آج بھی سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی خارجہ پالیسی نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک خودمختار اور طاقتور ملک کے طور پر متعارف کرایا،
ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ قائد عوام شہید بھٹو نے مزدوروں، کسانوں اور پسے ہوئے طبقات کو ان کے حقوق دلوانے کے لیے عملی اقدامات کیے۔ ذوالفقار علی بھٹو کو ان کی جمہوریت اور قومی خدمات کے اعتراف میں پاکستان کے سب سے بڑے سول ایوارڈ نشانِ پاکستان سے نوازا گیا۔صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کی مدبرانہ قیادت میں شہید بھٹو کا نظریہ اور مشن جاری ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578363