
اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے ذاتی خرچ سے 2 ہزار کورونا وائرس ٹیسٹنگ کٹس منگوا لیں ہیں جو ایوان بالا کی زیر نگرانی ہسپتالوں میں تقسیم کی جائیں گی۔ جمعہ کو سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اراکین، ملازمین کو بھی ٹیسٹنگ کی سہولت میسر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف ہم سب کو ایک ہو کر لڑنا ہے،کورو نا وائرس ایک عالمی وباءہے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور انسانیت کی خدمت کےلئے عطیات دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایوان بالا اپنا مو¿ثر کردار ادا کرے گا، میڈیکل کیئر کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کے کندھوں پر بھی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، آج کی احتیاط کل کے افسوس سے بہتر ہے، بحیثیت پارلیمنٹیرین اپنی ذمہ داری سمجھتا ہوں کہ قوم کو مشکل کی اس گھڑی میں کچھ دے سکوں۔