ایبٹ آباد۔ 13 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بٹگرام نے مختلف دفاتر میں کھڑی پرانی اور ناکارہ سرکاری گاڑیوں کا معائنہ کیا۔صوبائی حکومت کے احکامات پر ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان نے ڈسٹرکٹ ناظر،تحصیلدار بٹگرام اور تحصیلدار ایس ڈی سی کے ہمراہ مختلف دفاتر کا دورہ کیا اور وہاں کھڑی پرانی اور ناکارہ سرکاری گاڑیوں کا معائنہ کیا ،اس دوران اُنہوں نے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایات جاری کیں کہ وہ تمام ناکارہ اور پرانی سرکاری گاڑیوں کی تفصیلی فہرست مرتب کریں اور اسے ڈپٹی کمشنر آفس اور صوبائی حکومت کو بھجوا دیں،قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان گاڑیوں کو یا تو مرمت کر کے دوبارہ قابل استعمال بنایا یا پھر نیلام کر دیا جائے گا۔صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق سرکاری وسائل کا موثر استعمال اور غیر ضروری اخراجات میں کمی لانے کے لیے یہ اقدامات کئے جا رہے ہیں، ان گاڑیوں کے بہتر انتظام سے حکومتی وسائل کو عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں استعمال کرنے میں مدد ملے گی،ضلعی انتظامیہ سرکاری وسائل کے بہتر استعمال اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں کا تعاون انتہائی اہم ہے۔