بھکر 11 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنربھکر ڈاکٹر نور محمد اعوان کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ری ڈریسل کمیٹی برائے افراد باہم معذوری کا خصوصی اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے افراد باہم معذوری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دھانی کروائی ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیر اینڈ بیت المال ملک مشتاق حسین نے افراد باہم معذوری کے ایجنڈا پوائنٹس کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریف کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹییز کو فی الفور افراد باہم معذوری کے ڈیلی ویجز کے مسائل حل کرنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملک حسنین لودھراکو افراد باہم معذوری کے لیے جلد از جلد سپورٹس گالا کے انعقاد کرکٹ میچ،رسہ کشی اور دیگر ممکنہ تفریحی سرگرمیاں کروانے کیلئے بھی احکامات جاری کیے ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے خصوصی افراد کیلئے سفری کارڈ کی سہولت پر مناسب عملدرآمد نا ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بھکر کو سفری کارڈ کی سہولت پر فوری عملدرآمد کروانے اور لاری اڈا سمیت مختلف مقامات پر سفری کارڈ آگاہی کے پینا فلیکسز لگانے کی ہدایات بھی کیں۔
ڈپٹی کمشنر نے افراد باہم معذوری کو 3فیصد کوٹہ پر روزگار کی فراہمی کے لیے محکمہ لیبر کو تمام انڈسٹریل یونٹس کے ازسر نو ہیومن ریسورس کا جائزہ لینے کے لیے بھی کہا انہوں نے سپیشل ایجوکیشن سکولز میں افراد باہم معذوری کے یونیفارم مسائل کو بھی باہمی مشاورت سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔