ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس

169
Irfan Nawaz Memon
Irfan Nawaz Memon

اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیر صدارت تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں تمام اے سیز اور مجسٹریٹس کی ہفتہ وار کارروائی کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں پرائس کنٹرول، انسداد بھکاری مہم، انسداد ڈینگی اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی ۔تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی اپنی ڈویژنز میں مجموعی کارکردگی کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔

مجسٹریٹس کی جانب سے بھی ہفتہ بھر میں کی گئی کارروائیوں پر رپورٹ جمع کروائی گئی۔اس موقع پرڈی سی اسلام آباد نے ڈینگی سے بچاؤ مہم کو تیز کرنے اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے کارروائیوں کو بھی مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

عرفان میمن نے بتایا کہ شہر بھر میں قائم مختلف تجاوزات کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کی جائیں، ڈینگی لاروا کے خاتمے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں کی جائیں،اسسٹنٹ کمشنرز شہریوں کو ڈینگی بچاؤ کے حوالے سے آگاہی دیں۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں دفعہ 144 کا نفاذ ہے،کسی بھی قسم کے مجمع یا اکٹھ کی کسی صورت اجازت نہیں۔