ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی زیر صدارت ریونیو اجلاس، محکمہ مال کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا

172

بٹگرام ۔ 26 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان کی زیر صدارت ریونیو اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ مال کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بٹگرام، اسسٹنٹ کمشنر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیٹا بیس، تحصیلداران اور دیگر متعلقہ ریونیو افسران نے شرکت کی اور ڈپٹی کمشنر کو ریونیو سے متعلق مختلف امور پر بریفنگ دی۔ ڈی ڈی کمپیوٹرائزیشن نے کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ کی کارکردگی اور آن لائن موضع جات سے متعلق بریفنگ کے دوران بتایا کہ کئی موضع جات کو شہریوں کے لئے آن لائن کر دیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ موضع جات کی کمپیوٹرائزیشن کے لئے کام جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر بٹگرام نے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیٹا بیس کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اہم موضع جات مثلاً آجمیرہ، چھپرگرام، بٹگرام اور تھاکوٹ کو جلد از جلد لائیو کیا جائے کیونکہ اس سے زیادہ آبادی کو ریونیو معاملات سے متعلق آسانی پیدا ہو جائے گی۔ اس دوران انہوں نے ریونیو افسران کو ریونیو کورٹ کیسز کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو جلد از جلد ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ 6 ماہ اور 1 سال سے زائد کے کیسز پر خصوصی توجہ دیں اور انہیں جلد از جلد حل کریں۔