ڈپٹی کمشنر بھکر/چیئرمین آر ٹی اے محمد اشرف کی زیر صدارت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کا اجلاس

92
Deputy Commissioner Bhakkar Muhammad Ashraf

بھکر۔ 22 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنربھکر /چیئرمین آر ٹی اے محمد اشرف کی زیر صدارت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کرشنگ سیزن کے دوران ایکسل لوڈ مینجمنٹ، گاڑیوں کی پاسنگ، ایل پی جی سلنڈرز کے خاتمے، روڈ سیفٹی پلان کی تشکیل، حادثات کی روک تھام اور اسکول وینز کی پاسنگ کے امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے سیکرٹری آر ٹی اے ملک شیر بہادر اور ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کیں کہ گاڑیوں میں غیر قانونی ایل پی جی سلنڈرز کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے تاکہ عوام الناس کی جان و مال کا تحفظ ہو۔

انہوں نے سی ای او ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ وہ سکول انتظامیہ کو اس امر کا پابند بنائیں کہ وہ اسکول وینز کی باقاعدہ پاسنگ کے عمل کو یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے اجلاس میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے اور روڈ سیفٹی پلان پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے سیکریٹری آر ٹی اے ملک شیر بہادر اور ٹریفک پولیس کو تاکید کی کہ وہ جوائنٹ ایکشن جاری رکھیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔