ڈپٹی کمشنر بھکر کا دریاخان میں محرم الحرام کے روٹس کا معائنہ

ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی نے دریاخان میں محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں اور مجالس کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔

دریاخان۔ 05 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی نے دریاخان میں محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں اور مجالس کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دریاخان رانا محمد شفیق، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سلیمان اشرف، ضلعی امن کمیٹی کے ممبران زبیر محمود مغل، سید مہتاب حسین شاہ، سید ریاض حسین شاہ، ڈاکٹر محمد اسلم خان، ملک مہرالدین ایوبی اور دیگر متعلقہ انتظامی افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے تھلہ لیٹیاں والا سے کوٹلی کربلا تک جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران میونسپل کمیٹی کے سینئر اہلکار ملک محمد انور اقبال نے نقشہ جات کی مدد سے جلوسوں کے روٹس، حساس پوائنٹس اور انتظامی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے سکیورٹی، صفائی ستھرائی، سیوریج، واپڈا، سٹریٹ لائٹس اور دیگر انتظامی امور کے بارے میں متعلقہ محکموں کے افسران سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کی آمد سے قبل جلوسوں کے روٹس، امام بارگاہوں اور دیگر مذہبی مقامات کے اطراف تمام ضروری انتظامات بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیے جائیں۔انہوں نے زور دیا کہ عزاداروں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے مکمل طور پر الرٹ رہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جائے جبکہ واک تھرو گیٹس، بیریئرز، مناسب لائٹنگ اور ایمرجنسی رسپانس کے انتظامات بھی ہر صورت مکمل رکھے جائیں

مزید خبریں