ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فیصل آباد

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فیصل آبادانور علی کی زیر صدارت ایئر کوالٹی انڈیکس کی بہتری، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور شہری ماحول کو بہتر بنانے کے حوالے سےاجلاس منعقد ہوا

فیصل آباد ۔ 05 جون (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فیصل آبادانور علی کی زیر صدارت ایئر کوالٹی انڈیکس کی بہتری، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور شہری ماحول کو بہتر بنانے کے حوالے سےاجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی عثمان اظہر،سیکرٹری آر ٹی اے محمد راشدسمیت ہارٹیکلچرایجنسی،میونسپل کارپوریشن،ٹریفک پولیس ودیگرمتعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں شہر میں فضائی آلودگی، گرد و غبار اور ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے کے لئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گرد و غبار کے خاتمے اور فضائی معیار کو بہتر بنانے کے لیے شہر کی اہم شاہراؤں اور سڑکوں پر باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے گا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے ہدایت کی کہ کوڑے کرکٹ اور گندگی کے ڈھیروں کو آگ لگانے پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے دھواں چھوڑنے والی، آلودگی کا باعث بننے والی اور فٹنس سرٹیفکیٹ سے محروم گاڑیوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ شہر کو سموگ اور فضائی آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام متعلقہ محکمے بھرپور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور انسداد آلودگی اقدامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید خبریں