ڈپٹی کمشنر تورغر انور زیب خان کا پنجہ گلی میں اے ایل پی اساتذہ کے ساتھ کھلی کچہری کا انعقاد

95

تورغر۔ 16 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر تورغر انور زیب خان نے ضلع کے دور دراز علاقے پنجہ گلی میں اے ایل پی کے اساتذہ کے ساتھ کھلی کچہری منعقد کی۔ اس موقع پر انہوں نے اساتذہ سے تفصیلی گفتگو کی، ان کے مسائل اور تجاویز غور سے سنیں اور ان تجاویز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کروائی۔اساتذہ نے اپنے مسائل پیش کیے جن میں تعلیمی سہولیات کی کمی، طلباء کے لیے معاون وسائل کی فراہمی اور دور افتادہ علاقوں میں تعلیمی نظام کی بہتری شامل تھیں۔ ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو ان مسائل کے حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر تورغر انور زیب خان نے کہا کہ نوجوان نسل ہمارا قیمتی سرمایہ ہے اور ان کی بہتری کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو بہترین انداز میں نبھائیں تاکہ علاقے کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کے دور دراز علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لیے حکومت اور عوام کو مل کر کام کرنا ہوگا،تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے۔