ڈپٹی کمشنر خضدار کا مختلف امتحانی مراکز کا دورہ ،شفاف امتحانات کا انعقاد یقینی بنانے کی ہدایت

60

کوئٹہ۔ 20 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر خضدار نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی نے گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول خضدار ،گورنمنٹ ہائی سکول کھنڈ ،خضدار ڈویژنل پبلک سکول میل ،فیمیل سیکشن میں قائم امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے امتحانی مراکز میں طلبا کی امتحانی کاپیاں، رول نمبر سلپ اور حاضری شیٹ کو چیک کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شفاف امتحانات کا انعقاد ہماری ذمہ داری ہے،

سینٹر سپرنٹنڈنٹ اور عملہ سخت اور موثر انداز میں نگرانی کو یقینی بنائیں، کسی بھی غیر متعلقہ فرد کو امتحانی حدود میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔ڈی سی خضدار کا مزید کہنا تھاکہ امتحانات میں نقل ایک ناسور ہے جس کا خاتمہ کا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے نقل کا خاتمہ کرکے قوم اور ملک کے مستقبل کو محفوظ بنایا جائے،انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز کے نظم و ضبط کو برقرار رکھا جائے اس میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔