ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اور چوہدری فیصل اکرام نے تعلیمی اداروں میں شجر کاری مہم کا افتتاح کر دیا

276

یالکوٹ۔ 25 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین اور رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام نے سنٹرز آف ایکسیلنس لیڈی اینڈرسن گرلز ہائیر سکینڈری اور پائلٹ سیکنڈری سکولز میں پودے لگا کر ضلع سیالکوٹ کے تعلیمی اداروں میں شجر کاری مہم کا افتتاح کردیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ دین اسلام ہمیں درخت لگانے کی تعلیم دیتا ہے لہٰذا معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ ماحول دوستی کا ثبوت دے اور اپنے حصے کا کم از کم ایک درخت ضرور لگائے۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے کمیونٹی کی عملی شراکت ناگزیر ہے ان کے تعاون کے بغیر ملک کو سر سبز و شاداب نہیں بنایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جنگلات کا تناسب 4 فیصد ہے جو عالمی انڈکس کے مطابق انتہائی کم ہے، جنگلات کے تناسب کے لحاظ سے کم از کم 20 فیصد رقبے پر جنگلات ہونے چاہئیں۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے اقبال لائبریری پیرس روڈ سیالکوٹ کا دورہ کیا اور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے وہاں پر جاری تزئین و آرائش کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں لائبریری میں آنے والے بکس ریڈرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کتاب انسان کی بہترین دوست ہے خود بھی پڑھیں اور اپنے دوستوں کو بھی کتب بینی کی جانب راغب کریں۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے لیڈی اینڈرسن گرلز ہائیر سیکنڈری سکول میں جماعت نہم کے بورڈ کے امتحانات کیلئے قائم سنٹر کا بھی معائنہ کیا۔