ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کا چہلم حضرت امام حسین ؓکے مرکزی جلوس کا دورہ، سکیورٹی،ٹریفک، صفائی انتظامات کا جائزہ لیا

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے مرکزی جلوس کا دورہ کیا اور سکیورٹی، ٹریفک، صفائی اور دیگر انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا

سیالکوٹ۔ 04 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے مرکزی جلوس کا دورہ کیا اور سکیورٹی، ٹریفک، صفائی اور دیگر انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دوست محمد، صدر ضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر علی چیمہ، امن کمیٹی کے اراکین اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے جلوس کے مختلف راستوں، سکیورٹی پوائنٹس، کنٹرول روم، ٹریفک پلان اور بلدیاتی انتظامات کا معائنہ کیااور موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ جلوس کے اختتام تک تمام اہلکار پوری ذمہ داری، مستعدی ہمہ وقت چوکس رہتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔اس موقع پر انہوں نے جلوس کے منتظمین سے ملاقات بھی کی، جنہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کیے گئے بہترین انتظامات اور مکمل تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور تمام متعلقہ ادارے چہلم کے پرامن اور منظم انعقاد کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں اور تمام انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے جلوس کے شرکا سے اپیل کی کہ وہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کریں اور ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ یہ اجتماع بخیر و عافیت اختتام پذیر ہو۔ اس موقع پر ڈی پی او دوست محمد نے بھی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ہر مرحلے پر مکمل چوکس رہیں، مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام حفاظتی اقدامات پر موثر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

 

مزید خبریں