سیالکوٹ۔19فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے پاپولیشن ویلفیئر سیالکوٹ کا اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ ضلع سیالکوٹ میں پاپولیشن ویلفیئر کے زیر انتظام کام کرنے والے تمام فیملیز ہیلتھ کلینکس/سنٹر کو گوگل میپ پر پن کریں تاکہ شہریوں کو حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی دیگر خدمات کے حصول کیلئے اپنے قریب ترین سنٹر کا علم ہو اور وہ آسانی سے ان سے استفادہ حاصل کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ فیملی پلاننگ صرف چھوٹے خاندان کیلئے نہیں بلکہ اس کا مقصد صحت مند معاشرے کی تشکیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنا ایک چیلنج ہے ، اس سلسلہ میں پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں میں بھرپور آگاہی مہم چلائیں کہ خاندان کا سائز اپنے وسائل کے مطابق رکھیں تاکہ بچوں کو تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی بہترین پرورش کو یقینی بنایا جاسکے۔