ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس

101

فیصل آباد۔ 30 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں محکموں کی طرف سے انسدادی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فرضی کارروائیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔انہوں نے محکموں کو حقائق پر مبنی رپورٹنگ کی ہدایت کی اور کہا کہ ہاٹ سپاٹس کی چیکنگ کا عمل تسلسل سے جاری رکھیں۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع فیصل آباد میں انسداد ڈینگی اقدامات پر موثر اور نتیجہ خیز عملدرآمد جاری ہے اس ضمن میں رواں سال سے اب تک انسدادی کارروائیوں کے دوران لاروا کی افزائش کا موجب بننے پر 50 مقدمات درج اور پانچ دکانوں کو سیل کیا گیا۔علاوہ ازیں 7 ہزار سے زائد کو نوٹسز جاری اور 850 ٹائر ضبط کئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے ان ڈور سرویلنس کو مزید تیز اور نتیجہ خیز بنانے کی تاکید کی اور کہا کہ گھروں کے مکینوں کو ماحول صاف ستھرا رکھنے کااحساس دلائیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی آگاہی کا سلسلہ بلاتعطل جاری رہنا چاہیے۔ ڈینگی لاروا کی افزائش کا موجب بننے والوں کے خلاف مقدمات درج کرائیں۔انہوں نے دفاتر میں صفائی پر خاص توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔احتیاطی تدابیر کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچا کر ہی ڈینگی کو شکست دی جا سکتی ہے اس سلسلے میں آگاہی پروگرامز کا تسلسل سے انعقاد ناگزیر ہے۔