لاہور۔15فروری (اے پی پی):رمضان بازاروں کی تیاریوں کے حوالے سے سے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی زیر صدارت رمضان بازاروں کے انتظامات بارے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ، ڈی او انڈسٹری، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اور جی ایم ماڈل بازار صدام کھوکھر نے شرکت کی۔ بریفنگ کے دوران ڈی سی لاہور کو بتایا گیا کہ رمضان المبارک میں شہر میں 10 ماڈل بازار قائم کیے جائیں گے، ہر تحصیل میں ایک ماڈل بازار ہوگا جس میں 10 دکانیں ہوں گی اور 7 دکانوں پر پھل، سبزیاں، دالیں، مصالحے اور دیگر اشیا جبکہ 3 دکانیں گوشت کیلئے مختص کی گئی ہیں۔
ڈی سی لاہور نے کہا کہ رمضان بازاروں میں دکانداروں کو اشیا تھوک نرخوں پر فراہم کی جائیں اور مارکیٹ کمیٹی کے نرخ نامہ کے تحت معیاری اشیا شہریوں کو فراہم کریں گے، ڈی سی لاہور نے کہا کہ خواتین، بزرگ شہریوں اور عام صارفین کے لیے الگ الگ کاونٹرز ہوں گے، ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ تمام اشیا عمدہ معیار کی ہوں گی اور صفائی ستھرائی اور پارکنگ کے مناسب انتظامات ہوں گے، سید موسی رضا نے کہا کہ 24 فروری تک تمام انتظامات مکمل کر لیے جائیں. ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے رمضان سے قبل رمضان بازار شروع کرنے کی ہدایت کی۔