ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال کی زیر صدارت یوم دفاع کے حوالہ سے اجلاس کا انعقاد

132
Pakistan Defense Day
Pakistan Defense Day

مانسہرہ۔ 5 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال کی زیر صدارت یوم دفاع پاکستان کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں یوم دفاع پاکستان کو منانے کے حوالہ سے خصوصی تقریبات و پروگرامز منعقد کرنے سے متعلق ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ءکو پاکستانی مسلح افواج نے بھارتی فورسز کو منہ توڑ جواب دیکر یہ ثابت کیا کہ پاکستان کی دفاعی لائن ناقابل تسخیر ہے، ہم پرامن ضرور ہیں تاہم اپنے دفاع سے متعلق کبھی غافل نہیں ہیں۔

ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال نے کہا کہ حملہ کی صورت میں ہم دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، 6 ستمبر کو پاکستانی دفاعی لائن کو کراس کر کے لاہور میں ناشتہ کی حسرت رکھنے والا بھارت اپنے دو وقت کی بھوجن کو بھی ترس گیا اور اپنی جان بچانے کیلئے اقوام متحدہ جا پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم اس عمارت پاکستان کے تمام ستونوں کو مستحکم کرنے سے ہی ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتے ہیں،

ہماری پہچان پاکستان ہے، ہماری آن پاکستان ہے اور ہماری شان پاکستان ہے، 6 ستمبر 1965ءکی جنگ میں افواج پاکستان نے دشمن کو ہر محاذ پر دھول چٹائی، یہ مہینہ، یہ سال اور یہ تاریخیں بھارت کے سیاہ چہرے پر وہ زناٹے اور تھپڑ ثابت ہوئیں کہ آج نصف صدی سے زائد کا عرصہ گذرنے کے باوجود یہ گونج بھارت کے ایوانوں میں زلزلہ کی مانند ہے۔