حیدرآباد۔ 16 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال مٹیاری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال میں حال ہی میں نصب کئے گئے ریورس اوسموسس (آر او) پلانٹ کا افتتاح کیا۔ یہ پلانٹ مریضوں اور ہسپتال کے عملے کو صاف اور محفوظ پانی فراہم کرنے کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے پری پراپریشن بلڈ بینک سینٹر کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہیں دستیاب سہولیات اور ان کے استعمال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر ضلعی صحت افسر ڈاکٹر آصف علی شاہ، ڈاکٹر زاہد صدر، ڈاکٹر نذیر ملاح، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالسلام سمیت دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے ہسپتال انتظامیہ بالخصوص میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالسلام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال مٹیاری آئندہ بھی عوام کو معیاری اور مؤثر طبی سہولیات کی فراہمی جاری رکھے گا۔