حیدرآباد۔ 25 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیارسلیم اللہ اوڈھو نے سول ہسپتال ٹنڈوالہیار میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر29 اپریل سے03 مئی2024 تک جاری رہنے والی پولیو مہم کاافتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے محکمہ صحت کے افسران اور پولیو مہم میں فرائض انجام دینے والے پولیو ورکرز کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں 5سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کےلئے مائکرو پلان کے تحت اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیو کی بیماری اور اس سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی اور شعور بڑھانا وقت کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں فیلڈ سٹاف کی تربیت، مربوط منصوبہ بندی اور حکمت عملی کی ضرورت پر خاص توجہ دی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس مہم کے دوران درپیش تمام مشکلات اور مسائل کو حل کیا جائے گا تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو اس موذی بیماری سے چھٹکارہ مل سکے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیار سلیم اللہ اوڈھو کی زیر قیادت سول ہسپتال ٹنڈوالہیار سے حیدرآباد میرپور خاص روڈ تک پولیو مہم کے حوالے سے ایک آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ٹنڈوالہیار ڈاکٹر ابراھیم پرہیاڑ، ایم ایس سول ہسپتال ٹنڈوالہیار ڈاکٹر صابر قائم خانی، محکمہ اطلاعات، پولیس، روینیو، اور دیگر متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔