بھکر۔ 21 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نےضلع کے ایجوکیشن سیکٹر کی بہتری کیلئے منفرد و نمایاں اقدام کرتے ہوئےضلع بھر کے سکولوں کو سولرائزیشن کی طرف منتقل کرنے کیلئے عملی کوششوں کا آغاز کردیا ہے۔اس سلسلہ میں انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول سیال میں سولر سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن شبیر احمد ،ڈی او سکینڈری داؤد احمد ،ڈی ای او شہلا یاسمین ،سکول پرنسپل عبدالستار ساجد،وائس پرنسپل سمیع اللہ خان سمیت دیگر اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے سکولوں کو سولرائزیشن کی طرف لے کر جارہے ہیں جس سے بجلی کی لاگت میں کمی کیساتھ ساتھ لاکھوں روپے کی ماہانہ بچت ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ یہ منفرد اقدام ہم دیگر سکولوں کیلئے بھی اٹھا رہے ہیں ۔جس کی بدولت سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے ماہانہ کی بچت سمیت سکولوں میں بہتری و بحالی کے کاموں میں خاطر خواہ مدد حاصل ہوگی۔ علاوہ ازیں سکولوں میں تدریسی نظام اور بیوٹی فکیشن سمیت دیگر انتظامی امور کی بہتری میں بھی بھرپور معاونت حاصل ہوگی۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے سکول انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا ۔