ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر کی زیر صدارت بورڈ امتحانات کے حوالے سے سپرنٹنڈنٹس کا اجلاس

92

ایبٹ آباد۔ 08 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر طارق محمود کی زیرِ صدارت بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد کے زیرِ انتظام سیکنڈری سکول کے امتحانات کے حوالے سے تمام متعلقہ حکام اور امتحانی ہال کے سپرنٹنڈنٹس کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے پولیس اور سپیشل برانچ کو ہدایات جاری کیں کہ دفعہ 144 پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص خصوصاً پرائیویٹ سکولز کے مالکان و ذمہ داران کو امتحانی ہال کے آس پاس اور اندر جانے کی اجازت نہ دی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے۔

تمام فوٹو سٹیٹ مشینوں کی دکانوں کی نگرانی اور ڈیٹا جمع کیا جائے،تمام سپرنٹنڈنٹس کسی بھی قسم کی نقل میں ملوث طلباء کے خلاف یو ایف ایم کیس کا اندراج کریں۔ اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوہستان لوئر سے نقل کی لعنت کو جڑ سے ختم کیا جائے گا۔