ڈپٹی کمشنر ہری پور کا آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد ، عوام کے مسائل سن کر انکے حل کی یقین دہانی کروائی

17

ہری پور۔ 16 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ہری پور شوذب عباس نے سوموار کے روز سوشل میڈیا پر آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا ،جس کے دوران انہوں نے عوام کے مسائل،شکایات اور تجاویز سنیں اور حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے پانی کی سپلائی،سکولوں و ہسپتالوں میں سٹاف کی کمی،پبلک ٹرانسپورٹ کے زائد کرایوں،لوڈ شیڈنگ،کچی سڑکوں،پرائس لسٹ کی خلاف ورزی،ڈرائیونگ لائسنس نہ ملنے اور دیگر حوالوں سے شکایات پیش کیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آن لائن کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل کو سن کر حل کرنا ہے،سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کی رسائی کو مزید آسان بنایا گیا ہے اور وہ گھروں میں بیٹھ کر بھی اپنے مسائل ضلعی انتظامیہ تک پہنچا سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،بہت جلد خانپور کی عوام کے لیے سب ایس ڈی سی آفس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ تحصیل خانپور کے دور دراز علاقوں سے آنے والی عوام باآسانی محکمہ مال کی خدمات حاصل کر سکیں۔