اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ڈیجیٹل پی ایس ڈی پی اہم قدم ثابت ہو گا،پچھلی حکومت کی پالیسیاں معاشی بحران کا موجب بنیں ،ہمیں ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کی اشد ضرورت ہے لیکن وسائل ناپید ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ڈیجیٹل پی ایس ڈی پی کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر منصوبہ کا پی سی ون ویب سائٹ پر پڑتال کے لئے موجود ہوگا ،پوری قوم کو ٹیم پاکستان کے طور پر کام کرکے موجودہ بحران کو شکست دینی ہے ،ترقیاتی بجٹ میں کرپشن کے سد باب کے لئے وزارت میں محتسب کا دفتر قائم کیا جا رہا ہے ،پاکستان کی ترقی کا دارومدار برآمدات میں تیز ترین اضافہ ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وسائل کی کمی کا تقاضا ہے کہ ترقیاتی بجٹ میں ہر روپے کا بہترین مصرف ہو ،زرمبادلہ میں اضافہ کا ذریعہ برآمدات میں اضافہ پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2047 میں پاکستان کہاں ہوگا؟ ہم سب کو سوچنا ہے ،امن و استحکام کے بغیر ترقی ناممکن ہے ۔اس موقع وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے پارٹی چھوڑنے سے متعلق وضاحت دے دی ہے،وہ کہیں نہیں جا رہے پارٹی کا حصہ ہیں،پاکستان نے آئی ایم ایف کے کہنے پر سخت فیصلے کئے ہیں،مسلم لیگ (ن )کے قائد نواز شریف ہیں،مسلم لیگ بحیثیت جماعت چٹان کی طرح متحد ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )میں تقسیم کی باتیں 20 سالوں سے کی جا رہی ہیں،جماعت میں اختلافات ہو سکتے ہیں،باتیں کرنے والے مایوس ہوں گے،آئی ایم ایف کی شرائط بڑی حد تک پوری کر لی ہیں،آئی ایم ایف سے مذاکرات ہو رہے ہیں،پوری امید ہے کہ مذاکرات کامیاب ہوں گے،آئی ایم ایف کو اب معلوم ہے کہ معاملے کو طول دینے سے پاکستان کی معیشت پر منفی اثرات پڑیں گے،معیشت بہتر ہو تو عوام کو بھی ریلیف بھی ضرور ملے گا۔