ڈیرہ اسماعیل خان،دو خواتین سمیت 3سمگلرز سے کروڑوں روپے مالیت کی 5080گرام آئس برآمد کرکے ان کو گرفتارکرلیاگیا

84

ڈیرہ اسماعیل خان۔ 18 فروری (اے پی پی):محکمہ ایکسائز ڈیرہ کی ژوب اڈا ڈیرہ پر کامیاب کاروائی ، دو خواتین سمیت 3سمگلرز سے کروڑوں روپے مالیت کی 5080گرام آئس برآمد کرکے ان کو گرفتارکرلیا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور کی خیبرپختونخواہ میں منشیات کے خلاف ایمرجنسی کے نفاذ اور ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری محکمہ ایکسائز خیبرپختونخواہ سید فیاض علی شاہ اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز خیبرپختونخواہ عبدالحلیم خان کے احکامات پر ہنگامی بنیادوں پر صوبہ بھر میں منشیات فروشوں ، ڈیلرز، سمگلرزاور سہولت کاروں کیخلاف محکمہ ایکسائز ڈیرہ نے ڈائریکٹر سائوتھ انجینئر ڈاکٹر عید بادشاہ اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ڈیرہ فہیم نواز کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر ژوب اڈا ڈیرہ پر انسپکٹر ایکسائز دفتر امان اللہ کی قیادت میں عملہ کے ہمراہ کامیاب کارروائی کی۔

اطلاع میں کہا گیا تھاکہ منشیات کی بھاری مقدار ڈیرہ اسماعیل خان کے راستے پنجاب سمگل ہونی ہے، ایکسائز عملہ نے ژوب اڈا پر موجود دو خواتین جن میں سے ایک خاتون نے ایک شیرخوار بچی اٹھا رکھی تھی اور ان کے ساتھ ایک مرد بھی تھا، کو مشکوک جان کر خواتین کی لیڈی کانسٹیبل کے ذریعے تلاشی لی گئی تو ایک خاتون مسماۃ نجی ذوجہ اسلم سکنہ کراچی اور دوسری خاتون مسماۃ سدرہ دختر محمدشفیع سکنہ کراچی کے بیٹ کے ساتھ بندھے 4پیکٹ برآمد کرلئے ،جن کا وزن کرنے پر ان پیکٹوں سے کل 5080گرام اعلیٰ کوالٹی کی آئس برآمد ہوئی برآمد ہونیوالی آئس کی قیمت بین الاقوامی منڈی میں کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے،

محکمہ ایکسائز نے ان دونوں خواتین کے ہمراہ تیسرے ملزم رفیق ولد عبدالعزیز سکنہ کراچی کو بھی گرفتار کرلیا، جن سے ابتدائی تفتیش کے دوران ان کے چوتھے ساتھی سمگلر شکیل احمد احمد ولدشاہ نواز سکنہ گرہ شہباز حال محلہ خدریانوالہ ٹانک کو بھی محکمہ ایکسائز ڈیرہ نے فوری اور بروقت کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا۔اطلاعات کے مطابق چوتھے گرفتار ملزم نے ڈیرہ اسماعیل خان کے تعلیمی اداروں میں طلبہ کو منشیات سپلائی کرنے اور مختلف مقامات پر منشیات کے عادی افراد کو منشیات فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے۔