راولپنڈی۔20ستمبر (اے پی پی):ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بدھ کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔
مارے گئے دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں استعمال ہوا۔ ادھر اہل علاقہ نے آپریشن کو سراہا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے کارروائی جاری ہے۔