ڈیرہ غازی خان۔ 28 اگست (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کے دوران غیر معیاری 6ہزار کلوگرام گھی اورکوکنگ آئل ضبط کرکے فیکٹری سیل کر دی۔ترجمان فوڈ اتھارٹی ڈیرہ غازی خان کے مطابق اتھارٹی کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے عالی والا جام پور روڈ پر واقع گھی فیکٹری پر چھاپہ مار کر 5ہزار کلو گرام بناسپتی گھی اور 1ہزار کلو گرام کوکنگ آئل ضبط کر کے فیکٹری کو سیل کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ دوران ٹیسٹ گھی کا معیار پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق نہیں پایا گیا اور معیار بہتر نہ ہونے پر کام سے روک دیا گیا۔اس حوالے سے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کا کہنا ہے کہ خوراک سے وابستہ ہر چھوٹے بڑے کاروبار کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جا رہا ہے ،
معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کےخلاف صوبے بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے،اس سلسلے میں کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔