ڈیرہ غازی خان۔ 20 مارچ (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم25 مارچ سے شروع ہو گی، مہم کے دوران 8لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔جس میں بتایا گیا کہ ڈیرہ غازیخان میں پانچ سال سے کم عمر کے 8لاکھ562بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے اور حکومت پنجاب کی ہدایت پر پولیو فری پاکستان کےلئے اقدامات کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کے موذی مرض پر قابو پانے کےلئے پوری فورس کے ساتھ میدان میں اترا جائے اور ڈیرہ بگٹی، چمن سے پولیو کیسز پازیٹو آنے پر ہمیں محتاط رہنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں پولیو ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمیں گزشتہ مہم کی کمی بیشی کو دیکھتے ہوئے کوتاہیاں دور کرنا ہوں گی اور مائیکرو پلان پر عمل کرکے کارکردگی میں بہتری لانا ہو گی ۔
ڈپٹی کمشنر نےکہاکہ شہری اپنے بچوں کومستقل معذوری سے بچانے کیلئے پولیو کے حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نگہبان راشن تقسیم عمل میں ہیلتھ سٹاف کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری نے انسداد پولیو پلان بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔اس موقع پر ڈاکٹر کامران بھٹہ،زبیر مصطفیٰ،ہما مہدی لغاری،عبدالرحمن،عطاء اللہ ساجد،بلال متین ودیگر موجود تھے۔