ڈیرہ غازی خان۔ 12 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان مہر شاہد زمان لک نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں قومی انسداد پولیو مہم کے دوران اب تک5 سال سے کم عمر کے 7لاکھ 34ہزار 671 بچوں کو پولیو سےبچائو کے قطرے پلائے گئے ہیں۔مہم کے دوران مسافر اور رہ جانے والے بچوں کو دو فالو اپ دنوں میں پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیو مہم کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موسم کی سختی کے باوجود ہمارے پولیو ورکرز نے احسن انداز میں اپنے فرائض انجام دیئے ہیں،بقیہ ایام میں بھی رہ جانیوالے بچوں کو تلاش کرکے حفاظتی قطرے ضرور پلوائے جائیں۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع میں مہم کے دوران اب تک پانچ سال سے کم عمر بچوں کو95.6 فیصد کوریج کے ساتھ حفاظتی قطرے پلائے گئے ہیں۔2 والدین نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا جنہیں قائل کرکے انکے بچوں کو بھی قطرے پلادیئے گئے ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میاں رضوان نذیر،اسسٹنٹ کمشنرز عثمان غنی،زاہد اقبال،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری، ڈی ایچ او ڈاکٹر علی ہاشم سمیت متعلقہ افسران شریک تھے۔