ڈیرہ غازی خان ۔ 01 جون (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان پولیس کی خوارجی دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابی، چار دہشت گرد ہلاک کر دئیے گئے۔ترجمان پولیس کے مطابق ڈیرہ غازی خان پولیس نے کوٹ مبارک کے علاقے میں مقابلے کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔ڈیرہ غازی خان پولیس اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے کوٹ مبارک میں خوارجی دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملی کہ خوارجی دہشت گرد مختلف مقامات پر شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر رہے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیموں نے فوری پیش قدمی کی اور علاقے کا محاصرہ کرکے آپریشن کا آغاز کر دیا۔ترجمان پولیس نے مزید بتایا کہ خوارجی دہشتگرد بھاری اسلحہ کے ساتھ پولیس ٹیموں پر حملہ آور ہوئے جس پرپنجاب پولیس نے بروقت، موثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیئے۔پولیس کی بھرپور کارروائی میں 4 خوارجی دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے جبکہ انکے دیگر ساتھی دہشت گرد جھاڑیوں، ٹیلوں کی آڑ میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود بھی برآمد کیاہے اور پولیس کا آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ سویپ آپریشن جاری ہے تاکہ دیگر شرپسند عناصر کو انجام تک پہنچایا جائے۔اس حوالے سے آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور ڈی پی او سید علی کی نگرانی میں پنجاب پولیس کی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے بیان میں چار خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس خوارجی دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے اور ملک دشمن عناصر کو کبھی ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=604096